ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع شمالی کینرا میں سیاحوں کے لئے جلد ہی دستیاب ہوگی ’رہائشی کشتیوں‘ کی سہولت

ضلع شمالی کینرا میں سیاحوں کے لئے جلد ہی دستیاب ہوگی ’رہائشی کشتیوں‘ کی سہولت

Thu, 31 Oct 2019 12:42:43    S.O. News Service

کاروار31/اکتوبر (ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا کے ساحلی اور مغربی گھاٹ کی دلکشی اور خوبصورتی کا لطف اٹھانے کے لئے سیاحوں کو جلد ہی ’رہائشی کشتیوں‘ (ہاؤس بوٹ) کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔

 یاد رہے کہ کشمیر میں ملنے والے ’شکارا‘ کے طرز پر جنوبی ہند میں فی الحال صرف کیرالہ اور کرناٹکا کے جنوبی کینرا میں چند مقامات پر ہاؤس بوٹ کی سہولت سیاحوں کے لئے دستیاب ہے۔ اب ضلع شمالی کینرا کی اگناشنی اور کالی ندی میں ہاؤس بوٹ فراہم کرنے کا پلان محکمہ سیاحت کی طرف سے کیا جارہا ہے۔شمالی کینرا ضلع محکمہ سیاحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروشوتّم ایس نے بتایا کہ ہاؤس بوٹ چلانے کے لئے نجی آپریٹرز آگے آئے ہیں اور انہوں نے اس میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کماراوردیگر محکمہ جات سے گفتگو کی جارہی ہے۔ آئندہ منعقد ہونے والی محکمہ سیاحت کی میٹنگ میں اس تعلق سے قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اب تک کم ازکم چار سرمایہ کار اس منصوبے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ایک سرمایہ کار نے کالی ندی میں ہاؤس بوٹ  کی سہولت فراہم کرنے کی رضامندی دکھائی ہے تو ایک دوسرے ریسارٹ کے مالک نے جوئیڈا تعلقہ کے گنیش گوڈی میں ہاؤس بوٹ کے لئے اجازت طلب کی ہے۔کاروار سے سیاحت سرگرمی چلانے والے ایک کاروباری راہل کمار نے بتایا کہ ایک ہاؤس بوٹ تعمیر کرنے کے لئے کم از کم ایک کروڑ روپوں کی ضرورت ہوتی ہے۔اور اگر سرمایہ کار اس میں اضافی تبدیلیاں، اندرونی تزئین او ر سہولتوں کی خواہش رکھتا ہے تو پھر اس پر مزید سرمایہ لگتا ہے۔سیاحوں کے لئے ایک بہترین سہولت ہوسکتی ہے۔ جنوب میں تاحال کیرالہ کو چھوڑ کر دوسرے مقام پر ہاؤس بوٹ کے طرز پر سیاحوں کے لئے رہائش کی زیادہ پزیرائی نہیں ہوئی ہے۔ مسٹر راہل کمار نے بتایا کہ ہاؤس بوٹ مختلف سائز اور ساخت میں ملتی ہیں۔ انہیں رات کے وقت اگناشنی او رکالی ندی میں لنگر انداز کیا جاسکتا ہے اور مقامی لوگوں سے معاوضے پر بجلی کنکشن کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے جس سے مقامی کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔


Share: